ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سورتکل : کیا  سیاسی مفاد کے لئے کیا گیا عبدالجلیل کا قتل ؟ - دو خواتین سمیت 5 مشتبہ افراد کو پولیس نے لیا حراست میں 

سورتکل : کیا  سیاسی مفاد کے لئے کیا گیا عبدالجلیل کا قتل ؟ - دو خواتین سمیت 5 مشتبہ افراد کو پولیس نے لیا حراست میں 

Mon, 26 Dec 2022 11:56:12    S.O. News Service

مینگلور،26؍دسمبر (ایس او نیوز)مینگلور کے قریبی علاقہ   سورتکل کے کاٹیپلّا میں مسلم تاجر عبدالجلیل (45 سال)کو چاقو گھونپ کر قتل کرنے کے معاملہ پر تبصرہ کرتے ہوئے  دکشن کنڑا مسلم اوکوٹا کے صدر کے اشرف نے کہا : " جلیل کے قتل کا منصوبہ مسلمانوں کو مشتعل کرکے آنے والے الیکشن میں سیاسی مفاد حاصل کرنے کے لئے کیا گیا ہے ، مگر ہم لوگ اس جال میں پھنسنے والے نہیں ہیں ۔قتل کی سازش رچنے اور حملہ کرنے والوں کو گرفتار کیا جانا چاہیے ۔ وزیر اعلیٰ کو  مقتول کے گھر پہنچ کر اہل خانہ سے تعزیت کرنی چاہیے ۔ " 
    
عبدالجلیل کے بھائی محمد کا کہنا ہے کہ " مجھے پتہ نہیں کہ جلیل پر قاتلانہ حملہ کس نے کیا ہے ۔ جلیل گزشتہ ایک دہائی سے دکان چلا کر زندگی بسر کر رہا تھا ۔ اصل ملزم کو گرفتار کیا جانا چاہیے ۔"
    
منگلورو سٹی کے سابق ایم ایل اے بی اے معین الدین باوا نے کہا :" ایسا لگتا ہے کہ الیکشن قریب رہنے کی وجہ سے سیاسی مفاد حاصل کرنے کی نیت سے قتل کا منصوبہ بنایا گیا تھا ۔ جس وقت چاقو زنی کا واقعہ پیش آیا اس اس وقت وزیر داخلہ آراگا گیانیندرا اور پولیس کمشنر این ششی کمار دونوں موڈ بیدری میں اسکاوٹس اینڈ گائڈس کے کلچرل جمبوری میں شریک تھے ۔ وزیر داخلہ کو موقعہ واردات پر پہنچ کر جائزہ لینا چاہیے تھا ۔ لیکن انہوں نے ابھی تک اس کی زحمت نہیں کی ۔"
    
دوسری طرف ایک سینئر پولیس آفیسر نے بتایا :" ہم نے تفتیش کے لئے دو خواتین اور تین مرد ملزمین کو اپنی حراست میں لیا ہے ۔ ہم جلد ہی اس قتل کے اصل اسباب کا انکشاف کریں گے ۔"
    
پانچ  پولس کی حراست میں:  دو خواتین سمیت جن پانچ مشتبہ ملزمین کو تفتیش کے لئے حراست میں لیا ہے اسے دیکھتے ہوئے یہ باتیں بھی سننے میں آ رہی ہیں کہ اس میں خواتین سے متعلقہ معاملہ یا پیسے کے لین دین کے مسئلہ پر کوئی رنجش اس قتل کا سبب ہے ۔ مگر پولیس کمشنر این ششی کمار نے کہا ہے کہ :" میں اس قتل کے اسباب کے طور پر پیسے کے لین دین کے تنازعہ یا خواتین سے روابط  کے بارے میں جو قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں اس پر کچھ کہہ نہیں سکتا ۔مزید بتایا کہ  تحقیقات کے لئے 8 رکنی خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دی گئی ہے اور ہم حملہ کے بعد موقع پر سے فرار ہونے والے قاتلوں کو تلاش کرنے میں لگے ہیں ۔ پولیس کی جانب سے تمام شواہد جمع کرلینے کے بعد ہی قتل کا اصل سبب ظاہر کیا جائے گا ۔"
    
میڈیا سے ملی اطلاع کے مطابق یہ خبر بھی گردش کر رہی ہے کہ سنیچر کی شام کو دو افراد کے ساتھ عبدالجلیل  کی گرما گرم بحث اور تکرار ہوئی تھی ۔ اور یہ دو لوگ اس خاتون سے قریبی تعلقات رکھتے تھے جس سے عبدالجلیل  کی بھی شناسائی تھی ۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دو مہینے قبل بھی اسی قسم کا جھگڑا کچھ دوسرے ایسے افراد کے ساتھ ہوا تھا جو ایک اور خاتون کے قریبی تھے اور عبدالجلیل  کی بھی اس خاتون سے جان پہچان تھی ۔ اُس وقت دونوں طبقات کے ذمہ داروں نے مداخلت کرتے ہوئے معاملہ حل کردیا تھا اور پولیس اسٹیشن تک شکایت پہنچنے کی نوبت نہیں آئی تھی ۔ 
    
پولیس کمشنر ششی کمار نے بتایا کہ شہر میں امن و امان بنائے رکھنے کے لئے  اُڈپی ، دکشن کنڑا اور چکمگلورو ضلع سے پولیس افسران کو حفاظتی بندوبست پر لگا دیا گیا ہے ۔ کرناٹکا اسٹیٹ ریزرو پولیس کے 12 پلاٹونس اور ڈسٹرکٹ آرمڈ فورس کے پلاٹونس کو بھی تعینات کیا گیا ہے ۔ 


Share: